پبلک ٹرانسپورٹ:کرایوں میں 100فیصد تک خود ساختہ اضافہ

پبلک ٹرانسپورٹ:کرایوں میں 100فیصد تک خود ساختہ اضافہ

لیہ کیلئے 1100 سے 1880 روپے ، اسلام آباد کیلئے 2450 روپے کرایہ کر دیا گیا،لاری اڈا بادامی باغ میں کورونا ایس او پیز کی دھجیاں بکھیر دی گئیں اضافہ غریب آدمی کی پہنچ سے بہت دور ، مسافر، ایس او پیز پر عمل کرایا جا رہا ، کرایوں میں اضافہ حکومت نے کنٹرول کرنا ہے ، سیکرٹری ڈی آر ٹی اے

لاہور(شبیرحیدر ظفر)صوبائی دارالحکومت میں پبلک ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں 70 سے 100 فیصد تک خود ساختہ اضافہ کر دیا۔ لاری اڈا بادامی باغ میں کورونا ایس او پیز کی دھجیاں بکھیر دی گئیں جبکہ سٹی بس ٹرمینل سکندریہ کالونی ، جناح ٹرمینل ٹھوکر نیاز بیگ سمیت دیگر اڈوں پر کرایوں میں خود ساختہ اضافہ کر دیا گیا۔ لیہ کا کرایہ 1100 روپے سے بڑھا کر 1880 ، اسلام آباد کے لئے 1350 کے بجائے 2450 روپے کر دیا گیا،اسی طرح دیگر شہروں میں جانے والوں کے لئے بھی کرایوں میں اضافہ کر دیا گیا۔لاری اڈا بادامی باغ میں پچاس فیصد سواریوں کے ایس او پیز کو نظر انداز کر دیا گیا۔ ہینڈ سینی ٹائزر ، ٹمپریچر چیکنگ، سماجی فاصلے کو بھی نظر انداز کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق جس گاڑی کو بھی بند کیا جاتا ہے وہ 2گھنٹے کے بعد دوبارہ اڈے پر لگی ہوتی ہے ۔ لاری اڈا بادامی باغ سے سفر کرنیوالے مسافروں نے حکومت سے اپیل کی پبلک ٹرانسپورٹ پر ایس او پیز کے عمل در آمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کی جانوں کے ساتھ نہ کھیلا جائے ۔ سٹی بس ٹرمینل سکندریہ کالونی ، جناح ٹرمینل ٹھوکر نیاز بیگ اور دیگر اڈوں پر مسافروں نے کہا کرایوں میں اضافہ غریب آدمی کی پہنچ سے بہت دور ہے ۔ عام آدمی اتنا زیادہ کرایہ ادا نہیں کر سکتا، حکومت کورونا سے بچاؤ کے ساتھ کرایوں میں اضافے کو واپس کرائے ۔ سیکرٹری ڈی آر ٹی اے غیاث الدین نے کہا ایس او پیز پر سختی سے عمل کرایا جا رہا ہے ، خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ،کرایوں میں اضافہ حکومت نے کنٹرول کرنا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں