شہر میں 200اجرتی قاتل:لوگوں میں خوف وہراس

شہر میں 200اجرتی قاتل:لوگوں میں خوف وہراس

لاہور (مدثر حسین سے )لاہور میں 200 اجرتی قاتلوں کی موجودگی کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس بڑھنے لگا،مخالفین شوٹرز کے ذریعے قتل اور اقدام قتل کے واقعات کروانے لگے ۔

لاہور پولیس کے افسر بھی کرایہ کے قاتلوں کی موجودگی کا اعتراف کر چکے ہیں ۔ تفصیل کے مطابق شہر میں بڑھتے جرائم میں کرائے کے قاتلوں کا بنیادی کردار ہے ،200 کے قریب شوٹرز موجود ہیں جو شہریوں کیلئے خوف کی علامت بن چکے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق شوٹرز کے ذریعے مخالفین کو مروانے کے جرائم نے تیزی پکڑ لی ہے ۔ پولیس نے چند ہفتے قبل 34 شوٹرز کی فہرست جاری کی تھی جن میں سے ابھی تک صرف 3 گرفتار کر سکی ۔

باقی شوٹرز کہاں اور کس کی سرپرستی میں ہیں پولیس سراغ نہ لگا سکی۔ اسلام پورہ میں 35 سالہ پراپرٹی ڈیلرکو مخالفین نے شوٹرز کے ذریعے قتل کرایا۔ ایف بی آر کے 2 افسروں پر حملہ بھی شوٹرز کے ذریعے کرایا گیا۔ ذرائع کے مطابق پکڑے گئے شوٹرز نے اس بات کا اعتراف کیا کہ ایف بی آر کے ڈپٹی ڈائریکٹرز پر فائرنگ 20لاکھ روپے لیکر کی ۔ رکن صوبائی اسمبلی بلال یاسین پر بھی 2 شوٹرز نے فائرنگ کی ۔

شہر میں درجنوں قتل اور اقدام قتل کے واقعات ہو چکے ہیں ۔ اکثر حالیہ واقعات میں شوٹرز نے ہی معصوم شہریوں کو زخمی اور قتل کیا۔ شہریوں کو ڈرانے کیلئے گھروں پر فائرنگ بھی شوٹرز سے کرائی جانے لگی۔ سابق سی سی پی او غلام محمود ڈوگر بھی شوٹرز کی موجودگی کا اعتراف کر چکے ہیں ۔ پولیس حکام کے مطابق شوٹرز کی گرفتاری کیلئے پروگرام مرتب اور خصوصی ٹیمیں بنا دی گئی ہیں،جلد ہی شہر کے تمام شوٹرز سلاخوں کے پیچھے ہوں گے ۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں