مسلم امہ کے مسائل کا حل اتحاد میں ہے :طاہر اشرفی
لاہور(نمائندہ دنیا)چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا مسلم امہ کے مسائل کا حل وحدت اور اتحاد میں ہے۔
کشمیر اور فلسطین امت مسلمہ کے بنیادی مسائل ہیں جن کے حل کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے ، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے علما اسلام ہر سطح پر نمایاں خدمات سرانجام دے رہے ہیں، سوڈان کے مسئلے پر سعودی عرب کا کردار قابل تحسین ہے ۔ پیر کو جاری بیان میں طاہر محمود اشرفی نے کہا اسلامو فوبیا کے خاتمے کیلئے تمام مذاہب کی قیادت سے بات چیت وقت کی ضرورت ہے ،رابطہ عالم اسلامی مکہ مکرمہ کا میثاق مکہ اور پاکستان کے مذہبی قائدین کا پیغام پاکستان اسلامی تعلیمات کی حقیقی ترجمانی ہے اور اس سلسلہ میں شیخ الازہر کی خدمات قابل تحسین ہیں، اسلام امن و سلامتی کا دین ہے اور انتہا پسندی اور دہشت گردی کے رویوں کو کسی صورت قبول نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا ایران سعودی عرب اور عرب شام تعلقات کی بحالی سے امت مسلمہ کے مسائل کے حل میں مدد ملے گی ۔