ٹرینوں کی بکنگ مکمل ، ٹکٹوں کا حصول مشکل ، مسافر پریشان
لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے) ریلوے کی تمام ٹرینوں کی بکنگ مکمل ہونے پر ٹکٹوں کے حصول میں مشکلات کا سامنا، ٹرینیں لیٹ ہونے سے مسافر پریشان۔۔۔
عید قربان کی آمد آمد پردیسیوں نے عید کی خوشیاں اپنے پیاروں کے ساتھ منانے کے لیے آبائی علاقوں کا رخ کر لیا، لاہور ریلوے سٹیشن پر مسافروں کا رش رش کے باعث ٹکٹوں کا حصول بھی مشکل ہوگیا،ریلوے سٹیشن پر مسافر اپنے گھروں کو جانے کے لیے بے تاب۔مسافروں کا کہنا ہے کہ رش بہت زیادہ ہے ،صرف اوپن ٹکٹ مل رہے ہیں ،سہولیات کا فقدان ہونے سے پریشانی کا سامنا ہے ۔ڈی ایس سفیان سرفراز ڈوگر کا کہنا ہے کہ مسافروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ،عید پر ریلوے افسران پر مشتمل سپیشل ٹیمیں تشکیل دی ہیں ،کراچی اور کوئٹہ سے لاہور آنے والی متعدد ٹرینیںگزشتہ روز بھی گھنٹوں تاخیر کا شکار رہیں ،کراچی سے آنے والی خیبر میل ایکسپریس 2 گھنٹے 30 منٹ ،ملت ایکسپریس 2 گھنٹے 20 منٹ، کراچی ایکسپریس 1 گھنٹہ 50 منٹ ،تیزگام ایکسپریس 1 گھنٹہ 30 منٹ ،شالیمار ایکسپریس 1 گھنٹہ 20 منٹ، گرین لائن ایکسپریس 1گھنٹہ لیٹ ہوئی، ٹرینیں لیٹ ہونے سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔