یو ای ٹی کانووکیشن، 2 ہزار 705 طلبا میں اسناد تقسیم

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کا 30 واں کانووکیشن ہوا، جس میں مرکزی اور ذیلی کیمپسزکے 2 ہزار 705 طلبہ و طالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں۔
کانووکیشن میں 40 پی ایچ ڈی، 1 ہزار 22 ایم ایس/ایم فل اور 1 ہزار 643 بی ایس سی کی ڈگریاں دی گئیں۔ اس دوران شاندار کارکردگی دکھانے پر 38 طلبا میں 61 طلائی تمغے تقسیم کئے گئے۔ یو ای ٹی لاہور کیمپس کے 2126،نیو کیمپس 347،یو ای ٹی فیصل آباد کے 81 طلبا میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں۔اسی طرح رچنا کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی گوجرانوالہ کے 61جبکہ یو ای ٹی نارووال کیمپس کے 90 طلبا میں بھی اسناد تقسیم کی گئیں۔کانووکیشن کی صدارت چانسلر انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے کی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حبیب الرحمان نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ انہوں نے یونیورسٹی کے پاکستان اور بیرون ملک مقیم گریجوایٹس کی طرف سے مختلف ڈیپارٹمنٹس کے اندر کی جانے والی بہتری میں ان کی امداد کا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر طلبا پرجوش نظر آئے ،کانووکیشن کی ٹوپیاں ہوا میں اچھال کر خوشی کا اظہار کیا۔