سٹاف کم،کام زیادہ: لیسکو ملازمین شدید ذہنی دباؤ کا شکار

سٹاف کم،کام زیادہ: لیسکو ملازمین شدید ذہنی دباؤ کا شکار

لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے)لیسکو انتظامیہ کے ریکوری ٹارگٹ پورے کرنے پر زور اور سٹاف کی شدید کمی نے فیلڈ افسروں کو مشکل میں ڈال دیا،سٹاف کی شدید کمی اور کام کے بوجھ کے باعث لیسکو افسر و ملازمین شدید ذہنی دبائو کا شکار ہونے لگے۔

ہفتہ وار چھٹیاں منسوخ ہونے سے بھی ملازمین پر کام کا بوجھ بڑھ گیا،فیلڈ ملازمین نے ٹی اے ڈی اے کا مطالبہ کردیا۔لیسکو ملازمین اور فیلڈ افسروں کا کہنا ہے کہ ریکوری کے لئے ڈبل ڈیوٹی کرنا پڑ رہی ہے، پٹرول اور کھانے کے اخراجات بھی خود برداشت کرنا پڑتے ہیں،بجلی چوری اور ریکوری آپریشن کیلئے پولیس یا ایلیٹ فورس آجائے تو اس کے کھانے کی ذمہ داری مقامی آفس پر ہوتی ہے ،ایکسین رینالہ سٹی ندیم اختر بھی اسی دباؤکی وجہ سے حادثے کا شکار ہوئے، سٹاف کی شدید کمی ہے اور انتظامیہ کی جانب سے ہر روز نئی اسائنمنٹ دے دی جاتی ہے ،ریکوری، سکیننگ میٹرز، بجلی چوری، ریڈنگ، بلنگ، بیوٹیفکیشن، نیو کنکشنز، خراب میٹرز کی تبدیلی کے کام جاری ہیں، ان تمام کاموں کی روزانہ کی بنیاد پر پراگریس دی جاتی ہے مگر سٹاف وہی ہے۔ افسروں کا کہنا تھا اعلیٰ حکام کی جانب سے کام کے پریشر سے ملازمین اور افسر بیمار ہونے لگے ہیں،دفاتر سے جانے کا بھی کوئی ٹائم مقرر نہیں جبکہ پنسل سے لیکر کاغذ تک جیب سے خریدنا پڑتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں