بجلی کنکشن کی 77 ہزار درخواستیں زیر التوا، صارفین خوار

بجلی کنکشن کی 77 ہزار درخواستیں زیر التوا، صارفین خوار

لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے)لیسکو انتظامیہ نے صارفین کی سہولیات کو پس پشت ڈال دیا، افسر میٹنگز میں مصروف جبکہ صارفین دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور ہیں، 77 ہزار سے زائد نئے کنکشنز التوا کا شکار ہوگئے۔

میٹرز موجود ہیں اور نہ ہی افسروں اور سٹاف کے پاس صارفین کے مسائل سننے کا وقت ہے، نئے کنکشنز اور خراب میٹرز کی تبدیلی کیلئے صارفین خوار ہو کر رہ گئے۔ لیسکو فیلڈ افسروں نے صارفین کی بات سننا ہی چھوڑ دیا۔ ذرائع کے مطابق لیسکو کے کسٹمرز سروسز سنٹرز سے بھی سٹاف غائب رہنے لگا، لیسکو کا عملہ ریکوری ٹارگٹ پورا کرنے میں مصروف ہے۔ لیسکو کی کسٹمرز سروسز عملی طور پر غیر فعال ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ افسر سہ پہر 3 سے رات 10 بجے تک میٹنگز میں مصروف رہتے ہیں۔ لیسکو اعداد و شمار کے مطابق 3 ماہ کے دوران 77 ہزار 225 سے زائد نئے کنکشنز التوا کا شکار ہوئے ہیں۔ 72680 گھریلو، 3508 کمرشل، 312 صنعتی، 364 زرعی اور 391 نیٹ میٹرنگ کے کنکشنز التوا کا شکار ہیں، خراب میٹرز کی تعداد بھی پچاس ہزار سے زائد ہے، لیسکو میں میٹرز کے ساتھ سٹاف کی بھی شدید کمی ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ میٹرز اور سٹاف کی کمی کے ساتھ افسروں کا رویہ بھی مشکلات پیدا کررہا ہے، افسروں کی جانب سے عوامی سہولیات کے اقدامات کو یکسر نظر انداز کردیا گیا۔ ترجمان لیسکو کا کہنا ہے کہ کمپنی نے میٹرز اور دیگر سامان کی فراہمی کا جدید نظام شروع کر دیا، التوا کا شکار تمام کنکشنز جلد لگا دئیے جائیں گے، میٹرز کی کمی نہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں