چیل مار کر لانے پر ہزار روپیہ انعام دینے کا فیصلہ
لاہور (اپنے سٹی رپورٹر سے ) شہر میں اڑنے والے خطرناک پرندے چیل کو مار کر مردہ حالت میں لانے کا ایک ہزار روپیہ انعام دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ۔تفصیل کے مطابق شہر میں چیل گوشت کی فروخت دھڑلے سے جاری ہے جسے روکنے کیلئے انتظامیہ نے فیصلہ کیا۔
میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور نے حکمت عملی اپنانے کے لئے تجاویز طلب کر لیں۔گزٹ نوٹیفکیشن کے لئے سیکشن آفیسر ریگولیشنز نے سیکشن 140اے کے تحت مراسلہ جاری کر دیا۔میٹروپولیٹن آفیسر فنانس کو آئندہ مالی سال کے بجٹ میں رقم مختص کرنے کی ہدایت کر دی گئی ۔متعلقہ انفورسمنٹ انسپکٹر اور ایم او ریگولیشن کی تصدیق کے بعد رقم کا اجرا کیا جائے گا ۔انسانی جان محفوظ بناتے ہوئے چیل کو مارنے کے لئے ہوائی فائر کیا جا سکتا ہے ۔ گوشت کے ٹکڑوں کو بلڈنگ ،ریسٹورنٹ، ہوٹل ،چھت پر پھنکنے کی صورت میں سیل کیا جائے گا ۔ متعلقہ زونل آفیسر ریگولیشن چیل اور گوشت کا ریکارڈ مرتب کرنے کا ذمہ دار ہو گا ،انفورسمنٹ انسپکٹر گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف ایکشن لینے کا مجاز ہو گا ۔ تجاویز ڈی سی و ایڈمنسٹریٹر رافعہ حیدر کو منظوری کے لئے بھجوا دی گئیں۔گزٹ نوٹیفکیشن کی منظوری سیکرٹری بلدیات دیں گے ۔