عوامی مینڈیٹ کا احترام کیا جائے:شجاع الدین شیخ

 عوامی مینڈیٹ کا احترام کیا جائے:شجاع الدین شیخ

لاہور(سیاسی نمائندہ)تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے کہا الیکشن میں عوامی مینڈیٹ کا احترام کیا جائے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا تنظیم اسلامی کی محکم رائے ہے کہ موجودہ فرسودہ نظام کو بدلنے کا واحد راستہ انقلابی جدوجہد ہے، البتہ جس طرح انسان کو زندہ رہنے کے لئے ہوا، پانی اور خوراک کی ضرورت ہوتی ہے اسی طرح قبل از انقلاب ملک کے انتظامی نظم و نسق کو چلانے کے لئے جمہوری طرزِ حکومت ناگزیر ہے جو صرف صاف، شفاف اور منصفانہ انتخابات سے وجود میں آتا ہے۔ انہوں نے کہا انتخابات کے دوران ملک بھر میں موبائل سروسز کے بند رہنے نے الیکشن کی ساکھ کو بری طرح متاثر کیا۔ پھر یہ کہ نتائج کے اعلان میں تاخیر نے بھی الیکشن کو انتہائی متنازعہ بنا دیا اور شفافیت پر بڑا سوال کھڑا کر دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں