راولپنڈی، گوجرانوالہ،فیصل آباد میں اے آئی سکیورٹی نظام

 راولپنڈی، گوجرانوالہ،فیصل آباد میں اے آئی سکیورٹی نظام

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے محکمہ پولیس کیلئے راولپنڈی، گوجرانوالہ اور فیصل آباد سیف سٹیز پراجیکٹس میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس اور مشین لرننگ پر مبنی سکیورٹی کا جدید سسٹم نافذ کر دیا۔۔۔

 منفرد نظام کے باعث پنجاب پولیس مجرموں، چوری شدہ گاڑیوں اور مشکوک سرگرمیوں کی روک تھام جدید پیمانوں پر کر سکے گی۔ یہ بات چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف کی زیر صدارت اجلاس میں بتائی گئی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پی آئی ٹی بی قاسم افضال، چیف ٹیکنالوجی آفیسر عادل اقبال خان و دیگر سینئر افسر شریک ہوئے ۔ چیئرمین فیصل یوسف نے کہا پی آئی ٹی بی کا یہ اعزاز ہے کہ اس نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ شہروں کو جرائم سے محفوظ بنانے کیلئے مصنوعی ذہانت پر مبنی تین جدید سسٹمز متعارف کر ائے ہیں جن میں اے آئی پر مبنی جدید چہرہ شناخت سسٹم، کار نمبر پلیٹ پہچاننے والا خودکار سسٹم اور ٹیگ اینڈ ٹریس سسٹم شامل ہیں۔ چیئرمین پی آئی ٹی بی کا کہنا تھا عالمی معیار کا یہ سسٹم چار گنا کم لاگت پر انتہائی کم وقت میں مقامی طور پر تیار کیا گیا ہے جبکہ پنجاب کے مزید شہروں میں محکمہ پولیس کیلئے مصنوعی ذہانت پر مبنی سکیورٹی کا یہ جدید نظام جلد نافذ کر دیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں