ہیلتھ یونیورسٹی اجلاس، نئے طلبا کے حلف میں ترمیم

ہیلتھ یونیورسٹی اجلاس، نئے طلبا کے حلف میں ترمیم

لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے)یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کا 78واں سنڈیکیٹ اجلاس گزشتہ روز وائس چانسلر پروفیسر احسن وحید راٹھور کی صدارت میں ہوا جس میں نئے میڈیکل گریجوایٹس سے لئے جانے والے حلف میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔

نیا حلف نامہ 11نکات پر مشتمل ہے۔ نئے ڈاکٹروں کے حلف میں بطور ایک ہیلتھ ٹیم ممبر کام کرنے کے عزم اور مریضوں کے حقوق کے بر خلاف پالیسیوں کی مخالفت کے عہد کو شامل کیا گیا۔ میڈیکل ایجوکیشن اور ریسرچ کے فروغ، تمام عمر اپنے علم اور مہارتوں میں اضافے کے عزم کو بھی نئے حلف کا حصہ بنایا گیا۔ مزید برآں ڈاکٹر اب اپنی پیشہ وارانہ غلطیوں کے ازالے اور انہیں نہ دہرانے کا بھی حلف اٹھائیں گے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ آئندہ سے تمام میڈیکل کالجوں کے جلسہ ہائے تقسیم اسناد میں نئے گریجوایٹس سے یہی حلف لیا جائے گا۔ ڈگری کے حصول سے قبل میڈیکل گریجوایٹس کو نئے حلف نامہ پر دستخط کرنا ہوں گے ۔ اس حوالے سے وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر احسن وحید راٹھور نے بتایا کہ پروفیشنلزم، اخلاقیات اور مریضوں کے حقوق کی پاسداری کو پہلے ہی نئے ماڈیولر نصاب کا حصہ بنادیا گیا ۔ مزید برآں بورڈ آف سٹڈیز الائیڈ ہیلتھ سائنسز کی سفارش پر ڈسپنسرز اور ٹیکنیشنز کیلئے بی ایس پروگرام میں کوٹہ مختص کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ پنجاب میڈیکل فیکلٹی کے ڈپلومہ ہولڈرزکیلئے یو ایچ ایس کے بی ایس پروگرامز میں پانچ فیصد سیٹیں مختص کی گئی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں