شہر میں ماحول دوست بسیں چلانے کیلئے کام شروع

شہر میں ماحول دوست بسیں چلانے کیلئے کام شروع

لاہور(شیخ زین العابدین)لاہور میں ماحول دوست بسیں چلانے کیلئے کام شروع کر دیا گیا۔ بجلی سے چلنے والی بسوں کیلئے 6 کمپنیوں نے پری کوالی فکیشن کاغذات جمع کرا دئیے۔

ماضی میں پنجاب میں سیاسی صورتحال کے سبب عالمی فرمز نے الیکٹرک بس منصوبے میں دلچسپی کا اظہار نہیں کیا تھا۔ تفصیل کے مطابق لاہور میں سموگ کو مدنظر رکھتے ہوئے ماحول دوست بسیں چلانے کے منصوبے کا اعلان کیا گیا۔ نگران پنجاب حکومت نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو الیکٹرک بسیں درآمد کرنے کی منظوری دی۔ لاہور کی تاریخ میں پہلی بار الیکٹرک بسیں سڑکوں پر نظر آئیں گی۔ورلڈ بینک کے پنجاب گرین ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت الیکٹرک بسیں درآمد کرنے کا پلان بنایا گیا۔پہلے مرحلے میں 27 بسیں 12 سال کی گارنٹی کے ساتھ درآمد کرنے کیلئے کمپنیوں کی پری کوالی فکیشن کی جائے گی،الیکٹرک بسوں کی مرمت کیلئے ٹول کٹس بھی کمپنی سے منگوائی جائیں گی، پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کے غیر فعال روٹس پر بسیں چلائی جائیں گی، پائلٹ پراجیکٹ کی کامیابی کے بعد مزید الیکٹرک بسیں درآمد کی جائیں گی۔ ابتدائی طور پر 12 میٹر لمبی اور 2.55 میٹر چوڑی بسیں درآمد کی جائیں گی، ایک بس میں 44 سے 49 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔پائلٹ پراجیکٹ سے روزانہ اوسطاً 6 ہزار مسافروں کو سفری سہولیات میسر آئیں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں