کوٹ لکھپت سبزی منڈی پر ہسپتال بنانے کا منصوبہ ٹھپ

کوٹ  لکھپت  سبزی  منڈی  پر  ہسپتال  بنانے  کا  منصوبہ  ٹھپ

لاہور (شیخ زین العابدین)پنجاب حکومت نے کوٹ لکھپت سبزی منڈی کی اراضی پر ہسپتال کی تعمیر کا منصوبہ ختم کر دیا.. ایل ڈی اے نے سبزی منڈی کی 108 کنال اراضی پر ارفع کریم ٹاور کی تعمیر کا ورکنگ پیپر تیار کر لیا۔۔

ماضی میں ایل ڈی اے اور محکمہ صحت کے درمیان ہسپتال کی تعمیر کا ہونے والا معاہدہ منسوخ کرنے کا فیصلہ بھی کر لیا گیا. تفصیلات کے مطابق کوٹ لکھپت سبزی منڈی کی اراضی پر ٹاور بنانے کی منظوری گورننگ باڈی سے لی جائے گی.سبزی منڈی کی 108 کنال اراضی پر ٹاور کی تعمیر کا پلان بنایا گیا . ماضی میں کوٹ لکھپت سبزی منڈی کی اراضی 152 کنال کی بجائے 116 کنال ہونے کا انکشاف ہوا. سبزی منڈی کی 122 کنال اراضی کی بجائے 59 کنال 9 نو مرلے کی اراضی پر ہسپتال بنانے کی منظوری دی گئی تھی. سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے 122 کنال اراضی پر ہسپتال بنانے کی منظوری دی تھی تاہم اب ایل ڈی اے اور محکمہ صحت کے درمیان ہسپتال کی تعمیر کا ہونے والا معاہدہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کر لیا. ماضی میں ارفع ٹاور کی مانند سبزی منڈی کی اراضی پر 24 کنال پر مشتمل آئی ٹی ٹاور تعمیر کیا جانا تھا. اب یہ 24 کنال کی بجائے 108 کنال رقبے پر تعمیر کیا جائے گا. کمرشل سرگرمیوں کے فروغ کے لئے چار پلاٹس کو فروخت کرنے کا پلان بھی منسوخ کر دیا گیا. 45 کنال رقبے پر 11 کنال کے تین اور 13 کنال کا ایک کمرشل پلاٹ فروخت کیے جانے تھے . گندے پانی کے نکاس کے لیے کوٹ لکھپت منڈی کی 18 کنال 5 مرلے اراضی پر پمپنگ سٹیشن تعمیر کا منصوبہ ختم ہوگیا. ایل ڈی اے نے 2017 میں کوٹ لکھپت سبزی منڈی کی اراضی واگزار کرائی تھی۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں