ضمنی الیکشن: 35 ہزار افسر، اہلکار سکیورٹی پر مامور رہے

ضمنی الیکشن: 35 ہزار افسر، اہلکار سکیورٹی پر مامور رہے

لاہور (سپیشل کرائم رپورٹر) ضمنی الیکشن 2024 کے موقع پر پولیس ٹیموں نے صوبہ بھر میں سکیورٹی کے بہترین انتظامات یقینی بنائے۔

پنجاب کے 2599 پولنگ سٹیشنز میں سے 419 کو انتہائی حساس جبکہ1081 حساس قرار دیا گیا تھا جہاں پولیس ٹیموں نے ہائی الرٹ ہو کر تندہی سے فرائض ادا کئے۔ آئی جی نے بتایا کہ ضمنی انتخابات کے اضلاع میں 663 مردانہ، 649 زنانہ اور 1289 جوائنٹ پولنگ سٹیشنز کے ساتھ ساتھ الیکشن عملے کو بھرپور تحفظ فراہم کیا گیا، ان پولنگ سٹیشنز پر 40 لاکھ 44 ہزار سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز میں سے بڑی تعداد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ آئی جی نے کہا کہ پنجاب پولیس نے ضمنی الیکشن کے پرامن، شفاف اور محفوظ انعقاد کیلئے اپنی تیاری قبل از وقت مکمل کر لی تھی، لیڈیز پولیس اہلکاروں سمیت 35 ہزار سے زائد افسران و جوان ضمنی الیکشن سکیورٹی پر تعینات رہے، پنجاب پولیس کے جوانوں نے پولنگ سٹیشنز پر آنے والے معذور و ضعیف افراد کو قومی فریضہ کی ادائیگی میں مدد فراہم کی، سی سی پی او لاہور، آر پی اوز، ڈی پی اوز سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کی خود نگرانی کرتے رہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں