جوہرٹاؤن: خیابان جناح کی گرین بیلٹ میں 13 قبریں

 جوہرٹاؤن: خیابان جناح کی گرین بیلٹ میں 13 قبریں

لاہور(شیخ زین العابدین)شہر کی مرکزی شاہراہ کی توسیع کے دوران قبروں کی منتقلی نہ ہونے سے گرین بیلٹ میں 13 قبریں موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

شوکت خانم سے ایل ڈی اے ایونیو جانے والی خیابان جناح پر قبریں موجود ہیں۔ ایل ڈی اے کا شعبہ انجینئرنگ گرین بیلٹ میں موجود قبروں سے لاعلم ہے ۔ تفصیل کے مطابق ایل ڈی اے اور پی ایچ اے نے سڑک کی توسیع کے دوران موجود قبریں کسی بھی قبرستان میں منتقل نہ کیں،مین بلیوارڈ جوہر ٹاؤن کی گرین بیلٹ قبرستان کا منظر پیش کرنے لگی، درمیانی گرین بیلٹ میں 13 قبریں ہیں۔ایل ڈی اے پی سی ون کے مطابق کسی بھی منصوبے کو شروع کرنے سے پہلے کئے گئے سروے میں اس امر کو ملحوظ خاطر رکھا جاتا ہے کہ قبروں اور یوٹیلیٹیز کو ایک سے دوسرے مقام پر منتقل کیا جائے۔ میٹرو بس، اورنج ٹرین اور بی بی پاک دامن دربار کی توسیع کے دوران قبروں کی منتقلی کا عمل کیا گیا لیکن خیابان جناح توسیعی منصوبہ میں مبینہ طور پر نااہلی برتتے ہوئے قبروں کی منتقلی کا کام نہ کیا گیا۔ پی ایچ اے انتظامیہ کے مطابق گرین بیلٹ بننے سے پہلے یہاں قبریں موجود تھیں۔پی ایچ اے کے ڈائریکٹر ظہیر الحسن کا کہنا ہے سڑک کی تعمیر کے دوران ان قبروں کو گرین بیلٹ میں شامل کر لیا گیا، گرین بیلٹ میں قبروں کی موجودگی نے پی ایچ اے کو بھی پریشان کر دیا۔ ایڈیشنل ڈی جی پی ایچ اے صفی اللہ گوندل کا کہنا ہے کہ یہ قبریں سڑک کی تعمیر سے پہلے تھیں یا بعد میں بنیں معاملے کو چیک کیا جا رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں