اجتماعی قربانی کے بہترین انتظامات کئے جارہے : راغب نعیمی
لاہور (سیاسی نمائندہ ) جامعہ نعیمیہ کے ناظم راغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ اجتماعی قربانی کے بہترین انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ امسال جامعہ نعیمیہ میں300 سے زائد جانور، گائے ، بیل اور اونٹ ذبح کئے جائیں گے ۔
اجتماعی قربانی کے سلسلے میں مختلف انتظامی کمیٹیاں تشکیل بھی دی گئیں ، اجتماعی قربانی میں شریک ہونے والوں شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اجتماعی قربانی کیلئے جامعہ نعیمیہ میں گزشتہ ماہ سے ایڈوانس بکنگ جاری ہے ،اب تک ایک ہزار سے زائد خاندان بکنگ کراچکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نعیمین ایسوسی ایشن کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی قربانی کے تمام امور شریعت محمدیؐ کے عین مطابق ہوں گے ، صفائی کاخاص خیال رکھاجائے گا۔ شہری قربانی کا جانور خرید تے وقت اس بات کاخاص خیال رکھیں کہ قربانی کے لئے خریداگیا جانور عیب دار نہ ہو۔اس موقع پر نعیمین ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے علامہ ڈاکٹرراغب نعیمی کو اسلامی نظریاتی کونسل کامنصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور گلدستہ بھی پیش کیا۔