ایک گرڈسٹیشن خراب 2تعمیر کے منتظر:میٹروٹرین کو بجلی کی مکمل فراہمی نہ ہوسکی

ایک گرڈسٹیشن خراب 2تعمیر کے منتظر:میٹروٹرین کو بجلی کی مکمل فراہمی نہ ہوسکی

لاہور (شیخ زین العابدین) ماس ٹرانزٹ اتھارٹی اور لیسکو حکام کی مبینہ غفلت کے باعث میٹرو اورنج لائن ٹرین کو تاحال بجلی کی مکمل سپلائی کا انتظام نہ کیا جاسکا۔ لیسکو کے ساتھ باقی کنکشنز کی فراہمی سے متعلق بھی معاملات طے نہ پاسکے ۔

 تفصیل کے مطابق شہر لاہورکے میگا پراجیکٹ میٹرو اورنج لائن ٹرین کے ملتان روڈ پر بننے والے گرڈ سٹیشن پر بجلی کا بیک اپ موجود نہیں ہے ،جنریٹرز ابھی غیر فعال ہیں۔اورنج ٹرین کو بجلی فراہم کرنے کے لئے گرڈ سٹیشن کی نامکمل تعمیر اور بجلی کے کنکشن بھی مکمل فراہم نہیں ہوسکے ۔ جی ٹی روڈ پر بنے گرڈ سٹیشن کو ابھی4بجلی کے کنکشن مل سکے ،یہاں پر مزید 2کنکشن درکار ہیں۔ایل ڈی اے کی جانب سے گرڈ سٹیشن کا سول ورک مکمل کر دیا گیا ہے ۔ لیسکو کے ساتھ باقی کنکشنز کی فراہمی سے متعلق معاملات طے نہ پاسکے ۔ اورنج ٹرین کو بجلی کی سپلائی کے لئے 8گرڈ سٹیشن تعمیر کئے جانے تھے ،2 سال بعد بھی تمام فعال نہیں ہو سکے ۔ٹرین کو آپریشنل کرنے کیلئے 6 گرڈ سٹیشن تعمیرکئے گئے ۔ لیسکو نے 2گرڈ سٹیشن تعمیر کرنے کیلئے تاحال ٹینڈرز ہی نہیں لگائے ، ایک گرڈ سٹیشن فنی خرابی کا شکار ہے ٹرین کو بجلی کی سپلائی5گرڈ سٹیشن سے دی جارہی ہے ۔ جی ایم آپریشنز ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ لیسکو کو باقی ماندہ 2گرڈ سٹیشن بھی فعال کرنے کی استدعا کی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں