ٹیکس نیٹ میں اضافے کیلئے اقدامات خوش آئند:انجمن تاجران

ٹیکس نیٹ میں اضافے کیلئے اقدامات خوش آئند:انجمن تاجران

لاہور(کامرس رپورٹر)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ٹیکس نیٹ میں اضافے کیلئے اقدامات خوش آئند ہیں، تاہم مہم جوئی کی طرز پر سر گرمیوں سے خوف و ہراس پھیل رہا ہے۔۔۔

یکم جولائی سے ریٹیلرز پر ٹیکس کے اطلاق کے حوالے سے جو اطلاعات سامنے آرہی ہیں ان کی وضاحت کی جائے اور تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے۔ اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہا حکومت کو سب سے پہلے ایف بی آر کی ری سٹرکچرنگ کرنی چاہیے، اس کے شعبوں کو الگ الگ کیا جائے تاکہ کرپشن کا راستہ رک سکے، نوٹسز کے اجرا، اسیسمنٹ سمیت دیگر مراحل میں انسانی مداخلت کو کم سے کم کرنے کیلئے آٹو میشن پر جایا جائے۔ انہوں نے کہا تاجر وں کا ملکی معیشت میں اہم کردار ہے اس لئے انہیں شک کی نگاہ سے نہ دیکھیں، کسی طرح کی مہم جوئی کامیابی کے بجائے خوف و ہراس کا باعث بنتی ہے اس لئے سٹیک ہولڈرز اور تاجر تنظیموں کو اعتماد میں لے کر پالیسیوں کا نفاذ یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا مہنگے یوٹیلیٹی بلز ، حد سے زیادہ شرح کے ساتھ مختلف ٹیکسز کی وجہ سے چھوٹے تاجر کے لئے کاروبار کرنا مشکل ہو گیا ہے اس لئے ٹیکسز کی تعداد اور شرح کو کم سے کم کیا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں