پاکستان میں معاشی ترقی کیلئے سیاسی استحکام ناگزیر:مقررین

پاکستان میں معاشی ترقی کیلئے سیاسی استحکام ناگزیر:مقررین

لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے)پاکستان میں معاشی ترقی کیلئے سیاسی استحکام ناگزیر ہے۔ جس کیلئے سیاسی قوتوں کو مکالمہ کرنا ہوگا۔

اِن خیالات کا اظہار روس اور پاکستان کے مابین سماجی، اقتصادی اور تاریخی تعلقات کے موضوع پرمقامی ہوٹل میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مختلف سیاسی قائدین اور ماہرین نے کیا۔ صدارت لاہور میں روس کے اعزازی قونصل حبیب احمد نے کی۔ مقررین میں پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمرزمان کائرہ، تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور معروف قانون دان حامد خان، جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ، پاکستان میں روس کے سفیر برائے تعلیم ڈاکٹر شاہد حسن،صدر پاک روس دوستی فورم ڈاکٹر افتخار بخاری، پروفیسر حسن شاہ، حسنین رضا، سابق اٹارنی جنرل پنجاب احمد اویس ایڈووکیٹ شامل تھے۔ قمرزمان کائرہ نے کہا کہ اپنے مسائل کے حل کے لئے تمام سیاسی قوتوں کو مل بیٹھنا ہوگا۔ حامد خان نے کہا کہ پاکستان اور روس کا سفر بڑا طویل ہے جس میں مختلف مراحل آتے رہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام وقت کی ضرورت ہے۔ قبل ازیں اپنے افتتاحی خطاب میں پاکستان میں روس کے اعزازی سفیر حبیب احمد نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیاں تعلقات کئی عشروں پر پھیلے ہوئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں