ترکیہ کیساتھ پاکستان کا دیرینہ اور گہرا رشتہ ہے:گورنر

 ترکیہ کیساتھ پاکستان کا دیرینہ اور گہرا رشتہ ہے:گورنر

لاہور(سپیشل رپورٹر)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے گزشتہ روز گورنر ہائوس لاہور میں ضلع اٹک کی فتح جنگ سمیت مختلف تحصیلوں میں پنجاب یونیورسٹی ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف انجینئرنگ ٹیکسلا کے سب کیمپسز قائم کرنے کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔

جائزہ اجلاس میں اٹک میں مذکورہ یونیورسٹیوں کے سب کیمپسز بنانے کی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ بطور چانسلر پنجاب بھر کی جامعات میں گڈگورننس اور اعلی ٰتعلیم کا فروغ ان کی ترجیحات ہیں۔ گورنر نے تینوں جامعات کے وائس چانسلرز کو ہدایت کی کہ متعلقہ یونیورسٹیوں کے سب کیمپسز کو جلد از جلد قائم کیا جائے تاکہ وہاں کے لوگوں کی مشکلات کم ہوں۔دریں اثنا گورنر ہائوس لاہور میں ترکیہ کے قونصل جنرل درمش بستوگ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،دو طرفہ تعلقات کومضبوط بنانے سمیت تجارت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ ترکیہ کے ساتھ پاکستان کا دیرینہ گہرا برادرانہ رشتہ ہے ۔درمش بستوگ نے کہا کہ وہ پاکستان اور ترکیہ کے مابین تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے اپنا ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں