24گھنٹے:ریجن بھر میں 503 افراد بجلی چوری میں ملوث

 24گھنٹے:ریجن بھر میں 503 افراد بجلی چوری میں ملوث

لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے، 24 گھنٹوں کے دوران 38 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 503 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، جن میں سے 153 ملزمان کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں جبکہ 38 کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں 10 کمرشل، 4 زرعی اور 487 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو 8 لاکھ 5 ہزار 5 سو 90 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 3 کروڑ 92 لاکھ 73 ہزار 7 سو 10 روپے ہے۔ بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اور ان کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔ انسداد بجلی چوری مہم کو 273 روز مکمل ہوگئے ہیں، اس دوران کل 97 ہزار 9 سو 46 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 85 ہزار 9 سو 94 ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرا کر 33 ہزار 9 سو 72 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ بجلی چوروں کو اب تک 11 کروڑ 8 لاکھ 54 ہزار 57 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 3 ارب 99 کروڑ 13 لاکھ 89 ہزار 7 سو 60 روپے ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں