معاشی کیساتھ سیاسی بحران تیزی سے بڑھ رہا:جے یوآئی
لاہور(سیاسی نمائندہ)ملک میں معاشی کے ساتھ سیاسی بحران تیزی کے ساتھ بڑھ رہا ہے، ملک نازک صورتحال سے گزر رہا ہے۔
ان حالات میں تمام قوتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور یقینی طور پر اس صورتحال سے کوئی فرد واحد یا جماعت تنہا نمٹ نہیں سکتی، ان حالات کی بہتری کے لیے معاشرے کے تمام طبقات اور جماعتوں کو اپنا کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا ۔یہ باتیں جے یو آئی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان نے لاہور، راولپنڈی ،دھیر کوٹ ،باغ ،موھرہ بھاڑہ ،کوھالہ ،سرگودھا میں اجتماعات، ختم نبوت کانفرنس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کی پریشانیاں مزید بڑھ رہی ہیں ،ستم ضریفی یہ ہے کہ بجلی سوئی گیس پانی کے بلوں نے قوم کی مت مار کے رکھ دی ہے ، مہنگائی کا جن قابو کر نے کے لئے اشرافیہ پر ہاتھ ڈالنے کی ضرورت ہے۔