24 گھنٹے پانی فراہمی،شہر کو تقسیم کرنے کا فیصلہ

  24 گھنٹے پانی فراہمی،شہر کو تقسیم کرنے کا فیصلہ

لاہور(شیخ زین العابدین)لاہور کے باسیوں کو چوبیس گھنٹے پانی کی فراہمی کا منصوبہ بنا لیا گیا، شہر کو مختلف زون میں تقسیم کرکے پانی کی فراہمی کی جائے گی۔

جوہر ٹاؤن اے بلاک کے تمام علاقوں کو پائلٹ پراجیکٹ میں شامل کر لیا گیاجسے مکمل کرنے کے لئے 2کروڑ 52لاکھ روپے کا تخمینہ لگا یا گیا ہے ۔ تفصیل کے مطابق واسا کا لاہور میں اپنی نوعیت کا منفرد منصوبہ سامنے آ گیا، مختلف علاقوں میں 20 گھنٹے پانی کی فراہمی کا پلان بنا لیا گیا۔ واٹر میٹرز کے ذریعے پانی کے استعمال کے مطابق بل بھی وصول کیا جائے گا۔واسا انتظامیہ نے \"بلیو ڈراپ پراجیکٹ\" کا دوبارہ پی سی ون تیار کر لیا۔بزدار دور اقتدار میں شہر کو صاف پانی کی فراہمی کا بڑا منصوبہ \"ڈراپ\" کر دیا گیا تھا،بجٹ میں شامل ہونے کے باوجود 2 سال میں منصوبے پر کوئی پیشرفت نہ ہوئی۔ پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر 200 گھروں میں صاف پانی کی فراہمی کا پلان تیار کیا گیا۔ واسا نے اسے \"بلیو ڈراپ پراجیکٹ\" کے طور پر متعارف کر ا دیا،پراجیکٹ کے تحت مختلف علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا،جوہر ٹاؤن کے کچھ علاقوں کو بلیو ڈراپ کے تحت پانی کی فراہمی کی جائے گی،سکاڈا سسٹم کی تنصیب بھی عمل میں لائی جائے گی۔جوہر ٹاؤن پائلٹ پراجیکٹ کا90فیصد کام مکمل کر لیا گیا،مکمل منصوبے پر عمل درآمد کے لئے 3 ارب 80 کروڑ روپے کا بجٹ پاس ہوا تھا۔ایم ڈی واسا غفران احمد کا کہنا ہے کہ بلیو ڈراپ پراجیکٹ کے تحت مخصوص علاقوں میں پانی فراہم کرنا تھا، یہ منصوبہ واسا ذاتی وسائل سے مکمل کرنے کے حوالے سے غور کر رہا ہے ، صاف پانی کی فراہمی کے نئے منصوبے لارہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں