9 سبزیاں مہنگی، پھل بھی پہنچ سے باہر

9 سبزیاں مہنگی، پھل بھی پہنچ سے باہر

لاہور(کامرس رپورٹر)اشیائے خورونوش کے دام مسلسل بے لگام ہیں۔ سرکاری ریٹ لسٹ میں 9 سبزیوں پیاز، ٹماٹر، لہسن ہرنائی، ادرک چائنہ، سبز مرچ، لیموں دیسی، ٹینڈے دیسی، آلو، میتھی کے دام مزید بڑھا دئیے گئے۔۔۔

 جس کے بعد پیاز 150، ٹماٹر 240، لہسن ہرنائی 550 روپے کلو رہا، ادرک چائنہ 720، سبز مرچ 150، لیموں دیسی 550 روپے کلو بیچے گئے، ٹینڈے دیسی 180، آلو 120، میتھی کی قیمت 280 روپے ہو گئی۔دوسری طرف کریلے، بند گوبھی اور پھول گوبھی 160 ، شلجم 180 روپے کلو دستیاب رہے، بھنڈی اور شملہ مرچ 180، اروی 280، مٹر 400 روپے کلو تک فروخت ہوئے۔ علاوہ ازیں پھل بھی پہنچ سے باہرہوگئے، سیب 400، آلو بخارہ 300، خوبانی 220 روپے کلو فروخت کی گئی، آڑو 280، آم سندھڑی 250، پپیتا 300، فالسہ 450 روپے کلو بیچا گیا، کیلے درجہ اول 160 اور درجہ دوم 120 روپے درجن دستیاب تھے ۔ستم ظریفی یہ کہ مارکیٹ میں پھل اور سبزیاں سرکاری نرخ ناموں کے برعکس مہنگی فروخت کی گئیں۔شہریوں کا کہنا تھا کہ کوئی دن ایسا نہیں گزرا جب کسی نہ کسی چیز کے نرخ نہ بڑھے ہوں،پچھلے تقریباً 2 ہفتوں کے دوران چکن کی قیمت میں تقریباً 100 روپیہ اضافہ دیکھا گیا، اسی طرح سبزیاں اور پھل بھی مسلسل مہنگے ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا حکومت کو چاہئے کہ وہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں فعال کرے اور قیمتوں پر مستقل کنٹرول کا کوئی میکانزم بنائے تاکہ عوام کو مستقل ریلیف مل سکے۔ انہوں نے مزید کہا حکومت مہنگائی کم کرنے کے اعلانات تو کرتی ہے لیکن منافع خوروں پر کسی قسم کا اثر نہیں ہوتا اور وہ حکومتی احکامات کو نظر انداز کرکے من مانی کرتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں