ہیلتھ کیئر کمیشن کی پالیسیوں اور رویے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے)پاکستان میڈیکل ایسوسی پنجاب کے زیر اہتمام ہیلتھ کیئر کمیشن کی ڈاکٹر دشمن پالیسیوں اور ناعاقبت اندیشانہ رویے کے خلاف بھرپور احتجاج کیا گیا۔
پنجاب بھر سے آئی ہوئی تمام ضلعی برانچوں کے نمائندوں نے صدر پی ایم اے پنجاب کرنل غلام شبیر کی قیادت میں بھرپور شرکت کی۔اس کے علاوہ پرائیویٹ ہسپتال ایسوسی ایشن کے نمائندہ ڈاکٹر عبدالقیوم، فیملی فزیشن کے نمائندہ ڈاکٹر طارق میاں اور ڈاکٹر شاہد شہاب نے نمائندگی کی۔جبکہ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے ارکان نے ڈاکٹر شعیب نیازی کی قیادت میں بھرپور شرکت کی۔ پی ایم اے ہاؤس لاہور سے ہزاروں کی تعداد میں ڈاکٹرز نے احتجاجی ریلی نکالی جو کہ ہیلتھ کیئر کمیشن کے باہربھرپور احتجاج اور نعرے بازی پر اختتام پزیر ہوئی۔پی ایم اے پنجاب کی طرف سے احتجاج کی کال کے نتیجے میں ہیلتھ کیئر کمیشن اور ڈاکٹر تنظیموں کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں 9 نکات پر اتفاق کیا گیا۔جس میں کمیشن کو 15ستمبر تک معاملات کو فائنل کر کے معاہدے پرعملدرآمد کرنے کی مہلت دی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ اگر کمیشن نے اپنے تحریری معاہدے سے انحراف کیا تو پنجاب بھر میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔بعدازاں مقامی ہوٹل میں ڈاکٹر کنویشن کا انعقاد کیا گیا۔