کٹ لگنے سے سڑکیں تباہ ،ٹریفک متاثر،شہری پریشان

کٹ لگنے سے سڑکیں تباہ ،ٹریفک متاثر،شہری پریشان

لاہور(شیخ زین العابدین)محکمہ ہاؤسنگ کے زیر انتظام چلنے والے اداروں نے روڈ کٹ کے نام پر سڑکوں کو تباہ حال کر دیا جس کے باعث شہر میں ٹریفک روانی سست روی کا شکار اور شہری پریشانی سے دوچار ہیں۔

مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بغیر پی ایچ اے، واسا اور دیگر محکموں کی طرف سے روڈ کٹ لگائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ تفصیل کے مطابق اداروں کی مبینہ غفلت کی وجہ سے ٹریفک روانی میں بہتری نہ آسکی، اداروں کی آپسی چپقلش اور وضع کردہ نوٹیفکیشن پر عمل درآمد نہ کرنے سے شہر میں مختلف مقامات پر روڈ کٹس لگائے گئے ہیں ۔پی ٹی سی ایل کو لائن بچھانے کے لئے مجاز اتھارٹی کے بغیر روڈ کٹ لگانے کا این او سی جاری کر دیا گیا۔ روڈ کٹ سے متعلق 30 جنوری 2024 کو نوٹیفکیشن کے ذریعے کمیٹی تشکیل دی گئی، چیف انجینئر ٹیپا کو کمیٹی کا کنوینر اور 11الائیڈ محکموں کو نمائندہ منتخب کیا گیا۔ کمیٹی کو روڈ کٹ کے عوض فیس وصول کرنے کا بھی مینڈیٹ سونپا گیا، ٹریفک روانی کو مدنظر رکھتے ہوئے روڈ کٹ کے لئے مناسب وقت کا انتخاب بھی کمیٹی نے کرنا تھا لیکن پی ایچ اے کے ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی ٹو نے پی ٹی سی ایل لائن بچھانے کی اجازت دے دی۔ مون سون کے دوران قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سڑکیں اکھاڑ دی گئیں۔بی او آر، جوہر ٹاؤن، گلشن راوی اور سبزہ زار میں غیر قانونی روڈ کٹ لگائے گئے۔ ٹیپا انتظامیہ بھی روکنے میں ناکام ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں