ایل ڈی اے گورننگ باڈی کا پہلا اجلاس کل طلب

 ایل ڈی اے گورننگ باڈی کا پہلا اجلاس کل طلب

لاہور(سٹاف رپورٹر سے)وزیر اعلیٰ مریم نواز کے دور اقتدار میں ایل ڈی اے گورننگ باڈی کا پہلا اجلاس کل یکم اگست کو طلب کرلیا گیا۔ وی سی ایل ڈی اے میاں مرغوب احمد کی زیر صدارت اجلاس میں ایل ڈی اے، واسا اور ٹیپا بجٹ کی منظوری لی جائے گی۔

ایل ڈی اے 43 ارب سے زائد جبکہ واسا 34.4 ارب روپے سے زائد کا بجٹ پیش کرینگے۔ اس حوالے سے ایل ڈی اے گورننگ باڈی کی پری اتھارٹی میٹنگ ہوئی،گورننگ باڈی کے نومنتخب 12 ارکان کو اجلاس میں شرکت کیلئے نوٹس جاری کر دیا گیا۔ اجلاس کا ایجنڈا مالی سال 2024-25 کا بجٹ ہوگا۔ روزنامہ دنیا نے ایل ڈی اے اور واسا بجٹ کے خدوخال حاصل کر لئے ۔ایل ڈی اے نے آئندہ مالی سال میں اتھارٹی کی آمدن بڑھانے کا فیصلہ کر لیا،آمدن کا آدھا شیئر شعبہ ٹاؤن پلاننگ پورا کرے گا،43 ارب 50 کروڑ روپے کی ریکوری کی جائیگی ۔کمرشلائزیشن فیس، جرمانے اور نقشہ فیسوں کی مد میں ساڑھے اکیس ارب روپے کی ریکوری کی جائے گی۔ ایل ڈی اے ہاؤسنگ سکیموں میں ترقیاتی کام کیلئے نیا ماڈل متعارف کر ایا جائے گا،سکیموں سے حاصل آمدن سکیموں کے ترقیاتی کام پر خرچ کی جائے گی۔ایل ڈی اے سٹی ہاؤسنگ کی چار مرکزی شاہراہوں کی تعمیر کا کام کیا جائے گا،10ارب روپے کا بجٹ مختص کرنے کی تجویز دی گئی۔ایل ڈی اے ایونیو ون ہاؤسنگ سکیم میں ترقیاتی کاموں کے لئے 3 ارب ،سسٹین ایبل سٹی کے لئے 6 ارب سے زائد کا بجٹ مختص کرنے کی تجویز دی گئی جبکہ ایل ڈی اے ذاتی وسائل سے کوئی میگا پراجیکٹ شروع نہیں کرے گا۔ دوسری جانب واسا 19 ارب روپے کا ریونیو اکٹھا کرے گا۔ واسا رواں مالی سال شہر کے 60 مقامات پر واٹر سپلائی اور سیوریج سکیموں پر کام کرے گا،انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک کی 9 سکیموں پر کام ہو گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں