آمدن میں اضافے کیلئے شہر کی 8 سڑکیں کمرشل کرنیکا فیصلہ

 آمدن میں اضافے کیلئے شہر کی 8 سڑکیں کمرشل کرنیکا فیصلہ

لاہور(شیخ زین العابدین)صوبائی دارالحکومت میں کمرشل سرگرمیوں کے فروغ اور ریونیو میں اضافے کے لئے شہر کی 8 مرکزی شاہراہوں کو کمرشل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔۔۔

سٹیک ہولڈرز سے اعتراضات مانگ لئے گئے، کمرشل سڑکوں سے ایل ڈی اے کو 20 ارب روپے سے زائد کا ریونیو حاصل ہوگا۔ تفصیل کے مطابق 13سال سے فروزن روڈز پر کمرشل سرگرمیاں شروع کرنے کی حکمت عملی بنا لی گئی ۔عدالت کی جانب سے ایل ڈی اے کو8سڑکوں پر کمرشلائزیشن کی اجازت دے دی گئی،اب ایل ڈی اے کی جانب سے سڑکوں پر کمرشلائزیشن کیسز کی منظوری دی جائے گی۔ نیسپاک نے 8سڑکوں کی کمرشلائزیشن کے لئے سٹیک ہولڈرز سے اعتراضات مانگ لئے ۔ ایل ڈی اے سپورٹس کمپلیکس جوہر ٹاؤن میں 15 اگست کو عوامی شنوائی ہوگی۔ سڑکوں پر 2 کنال سے کم رقبے پر تعلیمی ادارے اور ہسپتال،خطرناک صنعتیں، 4 کنال سے کم رقبے پر شوروم،شادی ہال، ہول سیل مارکیٹ، ویئر ہاؤس اور گودام بنانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ خیابان فردوسی مولانا شوکت علی روڈ سے شوکت خانم ،وحدت روڈ نقشہ سٹاپ سے ملتان چونگی، ابوالحسن اصفہانی روڈ سے مولانا شوکت علی روڈ،برکت مارکیٹ سے کینال بریج، ایل او ایس روڈ سے جیل روڈ جنکشن ،فیصل ٹاؤن سے اکبر چوک، سبزہ زار فوارہ چوک سے لیاقت چوک،ہمدرد جیل روڈ سے پنڈی سٹاپ تک کمرشلائزیشن کی اجازت ہوگی۔سٹیک ہولڈرز کی رائے اور عوامی شنوائی کے بعد سڑکوں کی کمرشلائزیشن کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں