صوبائی حکومت کی مون سون تیاریاں کاغذی:جماعت اسلامی
لاہور(سیاسی نمائندہ)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں مون سون کی بارشوں کے باعث نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ زندگی مفلوج ہو چکی ہے۔
لاہورمیں جس وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اور شہرکے ندی نالے ابلنے سے سڑکیں تالاب بن گئی ہیں،گھروں میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا اور قیمتی سامان خراب ہو چکا ہے۔ نکاسی کا کوئی بندوبست سرے سے نہیں کیا جا رہا ہے ، صوبائی حکومت کی تیاریاں صرف کاغذوں تک محدود ہو کر رہ گئیں ، متعلقہ ادارے اور حکام کہیں نظر نہیں آ رہے ،عوام اپنی مدد آپ گلی محلوں کو صاف کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔دریں اثنا امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی نااہلی نے باران رحمت کو لوگوں کیلئے زحمت بنا دیا ہے ۔ شہر کے بیشتر نشیبی علاقے بارش کے پانی سے گندے ندی نالوں کی منظر کشی کررہے ہیں جس نے پنجاب حکومت اور انتظامیہ کے بلندو بانگ دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے ۔ شہر بھر میں سینکڑوں بجلی کے فیڈر ٹرپ کر گئے ہیں اور شہری علاقوں میں بجلی بند ہے۔