طیفی بٹ کے بہنوئی کاقتل ، مشتبہ موٹرسائیکلیں ٹریس
لاہور( کرائم رپورٹر) کینال روڈ طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کے قتل کی تفتیش کا عمل جاری ہے ۔لاہور پولیس نے مقتول کے گھر سے لیکر کینال روڑ تک گاڑی کے ساتھ آنے والی مشتبہ موٹرسائیکلوں کو ٹریس کرلیا ہے ۔
پولیس ذرائع کے مطابق پولیس نے ہما بلاک سے گاڑی کے پیچھے اور ساتھ مسلسل آنے والی پانچ موٹرسائیکلوں کو ٹریس کرلیا ہے ۔مشتبہ موٹرسائیکلز چلانے والے تمام افراد نے ہیلمٹ پہن رکھے ہیں ،پولیس ذرائع کے مطابق ان مشتبہ موٹرسائیکلز کی تصاویر اور ویڈیوز تمام تفتیشی ٹیموں کے حوالے کردی گئی ہیں۔دریں اثنا مقدمے کے نامزد ملزم امیر فتح کا ویڈیو بیان منظر عام پر آ گیا، امیر فتح نے بیان دیا کہ میرا یا میرے گھر کے کسی فرد کا جاوید بٹ کے قتل سے کوئی تعلق نہیں، جاوید بٹ کے قتل کے مقدمے میں مجھے اور قیصر بٹ کو جان بوجھ کر نامزد کیا گیا۔ طیفی بٹ ہم پر قتل کا جھوٹا مقدمہ درج کرا کے امیر بالاج ٹیپو کے مقدمے کی پیروی ختم کرنا چاہتا ہے ۔