پنجاب حکومت کا میونسپل خدمات کیلئے اتھارٹی بنانے پر غور
لاہور (اپنے سٹی رپورٹر سے ) پنجاب حکومت نے ایک پلیٹ فارم سے تمام میونسپل خدمات کی فراہمی کیلئے اتھارٹی بنانے پر غور شروع کر دیا ۔ وزیراعلیٰ نے مجوزہ پنجاب واٹر سپلائی، سیوریج، سینی ٹیشن، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈبلیو ایس ایس ایس ڈبلیو ایم اے ) بنانے کیلئے 11 رکنی اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی قائم کی ہے جس کے سربراہ وزیر بلدیات ذیشان رفیق ہوں گے ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ خواجہ سلمان رفیق، وزیر مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ، وائس چانسلر لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز پروفیسر علی چیمہ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، چیئرمین پی اینڈ ڈی، ہاسنگ، لوکل گورنمنٹ، قانون، خزانہ کے سیکرٹری، سی ای او اربن یونٹ اور کمشنر لاہور \'پی ڈبلیو ایس ایس ایس ڈبلیو ایم اے \' کمیٹی میں بطور ممبر شامل ہوں گے ۔ یہ کمیٹی عوام کو معیاری میونسپل خدمات کی فراہمی کیلئے اتھارٹی کے قیام کے حوالے سے تجاویز تیار کریگی۔ وزیر بلدیات کی زیر صدارت \'پی ڈبلیو ایس ایس ایس ڈبلیو ایم اے \' کمیٹی کا پہلا اجلاس سول سیکرٹریٹ میں ہوا۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے لوکل گورنمنٹ خرم خان ورک سمیت تمام ارکان شریک ہوئے ۔ سیکرٹری کمیٹی سید زاہد عزیز نے دنیا کے دیگر ممالک میں رائج ماڈلز پر بریفنگ دی۔