مختلف علاقوں میں آپریشن، 1700 کلو بیمار مرغیاں تلف
لاہور(اپنے سٹی رپورٹر سے)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ٹولنٹن مارکیٹ لاہور، قصور کے مختلف علاقوں میں آپریشن کر کے 1700 کلو بیمار کم وزن مرغیاں تلف کرکے 3 مقدمات درج اور بھاری جرمانے عائد کر دئیے۔۔۔
جبکہ دودھ کے سیمپل فیل ہونے پر 3 ملک شاپس اور کولیکشن سنٹرز کے خلاف بھی مقدمات درج کرائے گئے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کے مطابق ٹولنٹن مارکیٹ میں ناکہ بندی کر کے 5 گاڑیوں اور گوداموں سے 5500 کلو مرغیوں کا معائنہ کیا گیا،لاہور کی مارکیٹ میں سپلائی کے لیے لائی گئی1700کلو بیمار اور مضر صحت مرغیاں تلف کی گئیں،میٹ سیفٹی ٹیم نے مارکیٹ میں سپلائی کی ریکی کی اور ملوث گاڑیوں اور دکانداروں کو بھاری جرمانے عائد کیے گئے ۔انہوں نے کہا کہ بیمار، کم وزن مرغیوں اور ملاوٹی دودھ کا استعمال متعدد بیماریوں کا باعث بن سکتا ہے ۔پنجاب بھر میں علی الصبح ناکہ بندیاں کی جارہی ہیں، دودھ اور گوشت کے معیار کا معائنہ کیا جارہا ہے۔