تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن،سامان قبضہ میں لے لیا
چونیاں(تحصیل رپورٹر)اے سی چونیاں نے تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے الہ آباد کے اطراف سڑکیں خالی، درجنوں پھٹے اورریڑھیاں ہٹادیں اور دکانداروں کا سامان قبضہ میں لے کر لاکھوں روپے جرمانہ کردیا۔۔
چوک الہ آباد میں دکانداروں نے سڑک کے فرنٹ پر تین سے چار ریڑھیاں لگوا رکھی تھیں، جن سے لاکھوں روپے ایڈوانس اور ہزاروں روپے ماہانہ کرایہ لیا جاتا تھا، کنگن پور روڈ پر دکانداروں نے آدھی سے زیادہ سڑک پر قبضہ جما رکھا تھا اور چوک الہ آباد میں بااثر افراد نے غیر قانونی بس اڈے بھی قائم کر رکھے تھے ،جس سے ٹریفک کی روانی متاثر تھی ،مبینہ طور پر ٹریفک پولیس اورمیونسپل کمیٹی کے بعض اہلکار منتھلی وصول کرتے ہوئے نظر آتے تھے ،عوامی شکایات کے پیش نظر گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر چونیاں طلحہ انوار اور سی او میونسپل کمیٹی الہ آباد حفیظ حسین نے دیگر عملہ کے ہمراہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا ،اسسٹنٹ کمشنر چونیاں طلحہ انوار نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن بلا تفریق جاری رہے گا ،سروس روڈ اور فٹ پاتھ پر کسی کو قبضہ نہیں کرنے دیں گے ،دکاندار اپناسامان اپنی حدود میں رکھیں ۔