یوم اساتذہ پر تمام اضلاع میں تقریبات، ہیرو ایوارڈز تقسیم
لاہور (ایجوکیشن رپورٹر)وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی ہدایت پر یوم اساتذہ پر پنجاب کے تمام اضلاع میں ہیرو ایوارڈز تقریبات کا انعقاد۔ وزیر تعلیم کی طرف سے حوصلہ افزائی کی گئی۔
پی ایم آئی یونے ہر تحصیل سے 19 اساتذہ کا کارکردگی کی بنیاد پر انتخاب کر کے خدمات کے اعتراف میں ایوارڈز دئیے۔ ایوارڈز لینے والوں میں 8 پرائمری، 5 ایلیمنٹری، 5 سیکنڈری اور 1 سینئر سبجیکٹ سپیشلسٹ شامل تھے ۔وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ جو استاد ایمانداری سے فرائض انجام دے گا ریوارڈ کا مستحق ہے۔ اسی لئے پنجاب کی تعلیمی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہر تحصیل سطح پرپرائمری، ایلیمنٹری، سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری اساتذہ کو ایوارڈز کیلئے منتخب کیا گیا۔ حکومت اساتذہ کے تمام جائز مسائل حل کیلئے متحرک ہے ۔ بہترین پرفارمنس والے اساتذہ کو ہر ممکن سہولیات دینگے۔ دریں اثنا وزیر تعلیم رانا سکندر نے یوم اساتذہ پر دن کا آغاز اپنے اساتذہ سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے کیا انہوں نے اساتذہ کی خیریت دریافت کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتے اپنے ادوار کی یادیں تازہ کیں،تعلیم و تربیت میں کردار پر اساتذہ کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر تعلیم نے اپنے اساتذہ کی رہنمائی میں تعلیمی مسائل حل کرنے کے اوراپنے ہر استاد کے نام کا ایک پودا لگانے کا بھی عزم ظاہر کیا۔