سینی ٹیشن ، واٹر سپلائی خدمات کی اتھارٹی بنانے کیلئے اجلاس
لاہور(اپنے سٹی رپورٹر سے)پنجاب میں سینی ٹیشن اینڈ واٹر سپلائی خدمات کی اتھارٹی بنانے کیلئے قائم کمیٹی کا اجلاس وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ہوا۔
وزیر قانون و مواصلات ملک صہیب بھرتھ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل میاں اور کمشنر لاہور ڈویژن زید بن مقصود نے بھی شرکت کی۔ محکمہ بلدیات اور ہائوسنگ کے افسروں پر مشتمل ذیلی کمیٹی نے رپورٹ پیش کی۔ وزیر قانون نے رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہدایت کی کہ دوبارہ جائزہ لے کر اگلے ہفتے رپورٹ پیش کی جائے اور کہا سینی ٹیشن اور واٹر سپلائی معاملات کا ریگولیٹر ہونا ضروری ہے۔ ذیلی کمیٹی تمام متعلقہ قوانین کا مطالعہ بھی کرے۔ کمیٹی کے سربراہ ذیشان رفیق نے کہا سیکرٹری لوکل گورنمنٹ خود ذیلی کمیٹی کی سپرویژن کریں۔ نکاسی آب، واٹر سپلائی جیسی خدمات ایک اتھارٹی کے تحت ہونی چاہئیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز چاہتی ہیں کہ ایک ادارہ تمام خدمات پر جوابدہ ہو۔ ذیشان رفیق نے کہا اس کمیٹی کے پلیٹ فارم سے متعلقہ قوانین میں سقم کی نشاندہی کر کے نئی قانون سازی تجویز کرینگے ۔ اتھارٹی کیلئے نئی بھرتی کی بجائے دستیاب افرادی قوت اور وسائل کو بروئے کار لائیں گے۔ مجوزہ قانون کے تحت سینی ٹیشن اور واٹر سپلائی کیلئے کسی بھی شہر میں واسا کا ادارہ قائم ہو سکے گا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے یقین دہانی کرائی کہ ذیلی کمیٹی تجاویز پر اگلے ہفتے کام مکمل کرلے گی۔