بلدیہ عظمیٰ، 187 یونین کونسلیں نادرا کی نادہندہ: پیدائش، وفات سرٹیفکیٹ کا آن لائن نظام بند
لاہور(عمران اکبر)بلدیہ عظمیٰ سمیت 187 یونین کونسلیں نادرا کی نادہندہ نکلیں، نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی نے لاہور کا وفات، پیدائش، نکاح، طلاق سرٹیفکیٹ کا آن لائن ٹیکنیکل سپورٹنگ سسٹم بند کر دیا۔
تفصیل کے مطابق 80 لاکھ روپے نہ دینے کی وجہ سے آن لائن سروسز بلاک کی گئیں۔ ڈائریکٹر آپریشن نے ڈپٹی کمشنر اور ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ کو نادہندگی کا خط جاری کر دیا۔شہر میں یونین کونسلوں کی تعداد 187 ہے ، بقایا جات کی ادائیگی نہ ہونے کے باعث سرٹیفکیٹ کا اجرا روک دیا گیا۔ شہری برتھ ، نکاح ،طلاق سمیت دیگر سرٹیفکیٹ کے حصول کے لئے خوار ہو گئے۔ یونین کونسلوں میں مرغزار کالونی 31560، ہربنس پورہ 31570، کیر کلاں گرین ٹاؤن 64700، چاہ میراں 85998 ،مناواں 80580، ہیر 48300، بھنگالی 40740، گرین پارک 118110، شاہ عالم مارکیٹ 48930، فضل پارک 22440، ماڈل ٹاؤن کیو بلاک 44940 روپے کی نادہندہ ہے ۔اسی طرح دیگر یونین کونسلوں نے بھی ادائیگیاں نہیں کیں۔ ڈائریکٹر ڈیٹا بیس محمد رضوان کا کہنا ہے واجبات کی ادائیگی کیلئے ضلعی اور لوکل گورنمنٹ افسروں کو کئی بار خط لکھے لیکن مناسب جواب نہیں ملا۔