لاہور یوتھ فیسٹیول کے لوگو،فلوٹ کی رونمائی جاری
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر،اپنے سٹاف رپورٹر سے)لاہور یوتھ فیسٹیول کے لوگو اور فلوٹ کی رونمائی کے تیسرے دن کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج، فاطمہ جناح میڈیکل کالج، کوئین میری کالج اور یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں طلبہ و طالبات کو فیسٹیول کی سرگرمیوں بارے آگاہ کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق طلبہ وطالبات نے روایتی جوش و خروش کا مظاہرہ کیا اور لوگواور فلوٹ کے ساتھ سیلفیاں بھی بنائیں ۔ واضح رہے 7 سے 9نومبر تک منعقد ہونے والا یہ لاہور یوتھ فیسٹیول مختلف ثقافتی اور کھیلوں کی سرگرمیوں پر مشتمل ہوگا۔ ادھر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں لاہور یوتھ فیسٹیول کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ پارلیمانی سیکرٹری رشدہ لودھی بھی ہمراہ تھیں۔ صوبائی وزیر صحت، پارلیمانی سیکرٹری اور وائس چانسلر پروفیسر محمود ایاز نے تقریب کے شرکا سے خطاب کیا۔