نئے پروگرام کے تحت سرکاری سکول لینے والوں کی موجیں
لاہور(عاطف پرویز سے ) نئے پروگرام کے تحت سرکاری سکولوں لینے والوں کی موجیں لگ گئیں۔ پیف کی تاریخ میں سب سے زیادہ فنڈز ان سکولوں کی انتظامیہ کو فی طالب علم 1200 روپے ملیں گے ۔
تفصیل کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے صوبہ کے 13ہزار مزید سکولوں کو آؤٹ سورس کرنے کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا ۔ تاہم پچھلے سکولوں کی نسبت ان کی انتظامیہ کو دگنے فنڈز دئیے جائیں گے ۔ محکمہ تعلیم کی دستاویزات کے مطابق ان سکولوں کی انتظامیہ کو فی طالب علم 12 سو روپے دئیے جائیں گے ۔ ماضی میں 43 سو سرکاری سکولوں کو نجی شعبے کے زیر انتظام دیا گیا ،ان کی انتظامیہ کو 6 سو سے ساڑھے چھ سو روپے دئیے جا رہے ہیں ۔ نئے معاہدے کے بعد پرانے پارٹنرز میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ پیف کے ساتھ منسلک پرائیویٹ سکولوں کی ایسوسی ایشن کے چیئرمین خضر حیات گوندل کا کہنا ہے کہ ہمارے فنڈز میں بھی اضافہ کیا جائے ۔ہمارے اخرجات نئے پارٹنرز سے زیادہ ہیں ،پیف پارٹنرز کو بلڈنگز کا کرایہ خود دینا پڑتا ہے ۔ محکمہ کے ذرائع نے بتایا صوبے کے تمام پرائمری سکولوں کو مر حلہ وار آؤٹ سورس کیا جائے گا۔