موسم سرما،بعض ٹرینوں کا 15 اکتوبر سے نیا ٹائم ٹیبل
لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے ) ریلوے انتظامیہ نے بعض ٹرینوں کا موسم سرما کا ٹائم ٹیبل جاری کر دیا ، 15 اکتوبر سے نافذ العمل ہوگا۔ نئے ٹائم ٹیبل کے مطابق اپ اینڈ ڈاؤن کی 3 ٹرینوں کے مختلف سٹیشنوں پر دئیے گئے سٹاپ کو مستقل کر دیا گیا ۔
پاکستان ایکسپریس کا چک جھمرہ،غوری ایکسپریس کا فاروق آباد اور مہران ایکسپریس کا جھمپیر ریلوے سٹیشن شامل ہیں۔ اپ اینڈ ڈاؤن کی 2 ٹرینوں بہاؤالدین زکریا ایکسپریس کا فیروزہ ریلوے سٹیشن پر اور عوام ایکسپریس کے جنگ شاہی اور جھمپیر ریلوے سٹیشن پر دیئے گئے سٹاپ ختم کر دئیے گئے ۔خیبر میل کا نوشہرہ،جہانگیرہ اورملتان ریلوے سٹیشن اور رحمان باباکے اٹک سٹی ریلوے سٹیشن پر سٹاپ دورانیہ بڑھا دیاگیا ۔ راولپنڈی- کراچی-راولپنڈی کے درمیان چلنے والی سر سید ایکسپریس کو نئے ٹائم ٹیبل کے مطابق بحال کر دیا گیا ۔ کوٹری- روہڑی براستہ دادو کے درمیان چلنے والی موہنجو داڑوپسنجر کے روٹ میں کراچی سٹی تک توسیع کر دی گئی ۔ علاوہ ازیں 45 روزہ بندش کے بعد کوئٹہ کے لئے ٹرین آپریشن بحال کر دیا گیا۔ جعفر اور بولان ایکسپریس ٹریک پر آگئیں۔