ریونیوافسروں کی نگرانی ،احتساب کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹیاں قائم
لاہور(اپنے سٹی رپورٹر سے)بورڈ آف ریونیو کا محکمہ مال میں شفافیت اور احتساب کے لیے اہم اصلاحاتی پیکیج جاری کر دیا ،ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے افسران کی نگرانی اور احتساب کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹیاں قائم کر دی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق بورڈ آف ریونیو کے فل بورڈ کی میٹنگ میں دو کمیٹیوں کے قیام کی منظوری دی گئی، کمیٹیوں کا قیام پنجاب بورڈ آف ریونیو ایکٹ 1957 کے تحت عمل میں لایا گیا اکاؤنٹیبلیٹی اینڈ مانیٹرنگ کمیٹی1 کے چیئرمین سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نامزد،کمیٹی کے دیگر اراکین میں چار ممبر بورڈ آف ریونیو بھی ہوں گے ،کمیٹی نمبر-1ممبرز بورڈ آف ریونیو، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے عدالتی کام کی نگرانی کرے گی،خلاف قانون احکامات و اقدامات پر کمیٹی کاروائی کرے گی۔ اکاؤنٹیبلیٹی اینڈ مانیٹرنگ کمیٹی-II‘ کے چیئرمین ممبر ٹیکس بورڈ آف ریونیو ہوں گے ،کمیٹی نمبر-II میں دو دیگر ممبرز بورڈ آف ریونیو بھی شامل ہو ں گے ،کمیٹی نمبر-II ایڈیشنل کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور ریونیو افسران کی کام کی نگرانی کرے گی ،بورڈ آف ریونیو میں انٹرنل آڈٹ ونگ کے قیام کا بھی فیصلہ کیا گیا۔