مافیا بے لگام، سبزیوں کی من مانی قیمتوں پر فروخت
لاہور(کامرس رپورٹر سے)صوبائی دارالحکومت لاہور میں مافیا بے لگام ہوگیا، مارکیٹوں میں سبزیوں کی من مانے نرخوں پر فروخت دھڑلے سے جاری رہی۔
سرکاری ریٹ لسٹ میں پیاز کے نرخوں میں 5 روپے کمی کر کے قیمت 135 روپے کلو مقرر کی گئی لیکن مارکیٹ میں پیاز 150 روپے کلو فروخت ہوتے رہے ۔ٹماٹر کے نرخ 2 روپے اضافے سے 92 روپے کلو مقرر کئے گئے لیکن مارکیٹ میں ٹماٹر 120 روپے کلو بیچے گئے۔ اسی طرح مارکیٹ میں آلو 83 کے بجائے 90، لہسن 550 کے بجائے 700، ادرک چائنہ 950 کے بجائے 1100، ٹینڈے دیسی 180 کے بجائے 200 روپے میں فروخت کئے گئے جبکہ بند گوبھی 150 اور پھول گوبھی 100 روپے کلو دستیاب رہیں۔ مہنگائی کے حوالے سے شہریوں کا کہنا تھا دکانداروں اور پھڑی والوں نے سرکاری ریٹ لسٹیں نظر انداز کر کے مصنوعی مہنگائی پیدا کر رکھی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا کام نمائشی بن کر رہ گیا۔ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہو چکی ہے، سبزیوں کے مقررہ نرخوں سے سبزی فروش 150روپے کلو تک اضافی وصول کر تے رہے ۔پھل فروشوں کی بھی یہی صورتحال رہی۔