صوبائی وزیر سے چینی وفدکی ملاقات ،ہیلتھ سیکٹر میں دلچسپی
لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے)چینی سرمایہ کاروں کی صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر سے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ گلبرگ میں ملاقات،ہیلتھ سیکٹر میں سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی کااظہار کیا۔
ہسپتالوں کے بائیو میڈیکل ایکوپمنٹ، دیگر آلات کے معیار، خریداری، سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ خواجہ عمران نے کہا چینی وزیر اعظم کی اسلام آباد آمد کا خیر مقدم کرتے ہیں۔چین کی سی پیک اور دیگر منصوبوں میں سرمایہ کاری سے ملکی معیشت میں استحکام آیا ہے ۔ وزیر اعلی ٰمریم نواز کے ویژن کے تحت ہسپتالوں کو جدید رحجانات کے مطابق تبدیل کریں گے ۔ سرکاری ہسپتالوں میں جدید میڈیکل اور بائیو میڈیکل آلات شفاف انداز سے خریدیں جائیں گے ۔ بنیادی و دیہی مراکز صحت کی ریویمپنگ سے عوام کو جدید معیاری علاج معالجہ فراہم ہوسکے گا۔ پنجاب میں بائیو میڈیکل ایکوپمنٹس کی تیاری کے لیے چائنیز سرمایہ کاری خوش آئند ہے ۔اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر پی ایم یو عدیل تصور رانا بھی موجود تھے ۔دریں اثناوزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق چلڈرن ہسپتال لاہور پہنچ گئے ۔ اس موقع پر ایم ڈی چلڈرن ہسپتال پروفیسر ٹیپو سلطان، اسسٹنٹ پروفیسر وجیہ الرحمن، اے ایم ایس اسد زین اور ڈی ایم ایس عدن موجود تھے ۔ خواجہ سلمان نے بہاولنگر سے آئی چار سالہ بچی دعا فاطمہ کی عیادت کی اور طبی سہولیات کاجائزہ لیا اورتبادلہ خیال کیا۔ پروفیسر ٹیپو سلطان نے بریفننگ دی۔ خواجہ سلمان نے کہا چلڈرن ہسپتال لاہور میں بچوں کو علاج و معالجہ کی بہتر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ حکومت ہسپتال میں بچوں کے علاج کی سہولیات میں مزید اضافہ کریگی۔