ایس سی اواجلاس پاکستان میں اجلاس ہونا خوش آئند :گورنر

ایس سی اواجلاس پاکستان میں اجلاس ہونا خوش آئند :گورنر

لاہور(سپیشل رپورٹر)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا پاکستان میں اجلاس ہونا خوش آئند ہے۔ اجلاس میں بیس ممالک کے سربراہان کی شرکت پاکستان پر اعتماد کا اظہار ہے۔

سی ایس او اجلاس کے انعقاد سے پاکستان کی ترقی کیلئے نئی منزلیں کھلیں گی۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں ڈسٹرکٹ شیخوپورہ سے تعلق رکھنے والے تنظیمی عہدیداران ، ٹکٹ ہولڈرز اور کارکنان سے ملاقات پر کیا۔ گورنر نے کہا کہ ایس سی او کانفرنس پاکستان کی معاشی ترقی کی کنجی ہے جسکے بعد پاکستان میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گے ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ایس سی او اجلاس کے موقع پر پی ٹی آئی کا احتجاج ملکی مفاد کے برعکس ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا اس موقع پر احتجاج ملکی ترقی کو روکنے کے مترادف ہے جسے عوام بھی مستردکرتے ہیں۔ گورنر نے کہا گورنر ہائوس کے دروازے پیپلزپارٹی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے لیے کھلے ہوئے ہیں۔ پارٹی کارکنوں کو جو بھی مسائل درپیش ہیں انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔اس موقع پر پیپلزپارٹی شیخوپورہ کے وفد نے گورنر پنجاب کو شیخوپورہ کے دورے کی دعوت دی جسے گورنر پنجاب نے قبول کرلیا ۔ملاقات میں شیخوپورہ پیپلزپارٹی کے ملک جاوید اکبر ڈوگر، عثمان نثار پنوں، آصف خان، عمران صابر ڈوگر، خالق عزیز ورک، ندیم عباس کاظمی اور مظاہر ڈگرا سمیت سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں