ریلوے واشنگ لائنز میں گندگی، سامان چوری معمول بن گیا

ریلوے واشنگ لائنز میں گندگی، سامان چوری معمول بن گیا

لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے)ریلوے واشنگ لائنز نے بد انتظامی اور گندگی میں لاہور ریلوے سٹیشن کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، ٹرینوں کی صفائی کیلئے بنے پٹس ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کی وجہ سے متعدد ملازمین گرکر زخمی ہو چکے ہیں۔۔۔

 تاہم اس کے باوجود حکام مبینہ طور پر خواب غفلت سے بیدارنہیں ہوسکے، ٹرین ڈسپیچ آفس کے بعد واشنگ لائنزپٹس کی تعمیرکے ٹھیکیدارکے فراراورایک سال سے پٹس کی بحالی کاکام نہ ہونے نے سول انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کاپول کھول دیا۔ ریلوے واشنگ لائنز کے سروے کے مطابق مسافرٹرینوں کی صفائی کیلئے لاہورریلوے سٹیشن سے ملحقہ واشنگ لائنزریلوے انتظامیہ کی مبینہ عدم دلچسپی کے باعث بد ترین حالات سے دوچار ہے ریلوے ملازمین کے مطابق ٹرین ڈسپیچ آفس کی عمارت کے بعد واشنگ لائنز پٹس تعمیرکرنے والاکنٹریکٹرشٹرنگ لگی چھوڑکر فرارہوچکا ہے ،واشنگ لائنز کیلئے سالوں قبل تعمیرہونیوالی 10میں سے صرف ایک پٹ درست حالت میں موجود ہے جبکہ باقی پٹس پر کھڑے ہو کر کام کرنے کیلئے جگاڑ لگایا گیا ہے جس کی وجہ سے کئی ملازمین گر کر بری طرح زخمی ہو چکے ہیں۔ سروے کے مطابق لاہورریلوے سٹیشن پرنصب اکثریتی سی سی ٹی وی کیمروں کی خرابی سمیت سٹیشن سے واشنگ لائنزتک حساس تنصیبات ومسافروں کولے جانے والی ٹرینوں کے ریکس کی آمدورفت کی سکیورٹی کی جانچ کا کوئی میکنزم موجودنہیں جس کے باعث واشنگ لائنز میں کھڑی ٹرینوں سے کاپروائر،ڈسٹ بنز اوردیگر سامان چوری ہونا معمول بن گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں