مدارس کا دفاع کرنا ہمارا دینی فرض ہے :پروفیسر ساجد میر
لاہور (سیاسی نمائندہ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا صدر زرداری نے دینی مدارس کے بل پر دستخط کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔
جامعہ سلفیہ کی سالانہ تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا مدارس کی حفاظت اوردفاع کرنا ہمارا دینی فرض ہے ۔طویل جدوجہد کے بعدمدارس کی رجسٹریشن کا طریقہ کار آسان بنادیا گیا ،مدارس کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ۔ اگر کوئی مدرسہ دہشت گردی میں ملوث ہے حکومت اس کی نشاندہی کرے ہم خود اس کے خلاف ایکشن لیں گے بلکہ اسے حکومت کے حوالے کریں گے ۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے خطاب کرتے ہوئے کہا مدارس کو دہشتگردی کے ساتھ جوڑنے والے کم عقل ہیں ۔ مدارس کی رجسٹریشن اور اکاؤنٹس کو بند نہیں ہونے دیں گے ۔ اگر ہمارے ملک میں مدارس نہ ہوتے تو پاکستان میں جہلا کا بڑا ہجوم ہوتا۔ ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کہا اس دور میں مدارس کو چلانا سب سے بڑا جہاد ہے ، مدارس کے تحفظ کے لئے ہر قسم کی قربانی دیں گے ۔ تقریب میں مولانا یاسین ظفر، مولانا ابوتراب ،قاری صہیب میرمحمدی، مولانا عبدالرشید حجازی، حافظ عبدالستار حامد نے بھی شرکت کی۔