سیاسی مقاصد کیلئے مدارس سے نہیں کھیلنے دینگے : طاہر اشرفی
لاہور(آن لائن)پاکستان علما کونسل کے سربراہ علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ مدارس کا تعلق تعلیم سے ہے، انہیں وزارت ِ تعلیم سے ہی منسلک ہونا چاہئے۔
مدارس معاملے کو سیاست کی نذر نہیں ہونا چاہیے، سیاسی مقاصدکیلئے مدارس سے نہیں کھیلنے دینگے ۔ مدارس کی رجسٹریشن کا متفقہ معاہدہ ہوا، 2019 میں معاہدہ کیلئے بہت سی میٹنگ ہوئیں اور تمام پہلوؤں کو دیکھا گیا ، یہ بڑی عجیب بات ہے آپ کہتے ہیں مدارس کا الحاق وزارت صنعت سے کریں، وزارت تعلیم کیساتھ نہ کریں، اس معاہدے پر بہت وقت لگا، شفقت محمود اور دیگر شخصیات کا اہم کردار تھا۔ مدارس کے 15بورڈز میں سے 10ایک طرف ہیں، ابتک 18ہزار مدارس کی رجسٹریشن ہوچکی ہے ، اب آپ کہتے ہیں نظام کو بدلیں، روز معاہدہ کریں اور روز نظام بدلیں ایسے تو یہ کھیل بن جائے گا۔ لاکھوں طلبا مدارس میں پڑھ رہے ہیں، مدارس کے مستقبل سے نہ کھیلا جائے ۔ مدارس کو وزارت تعلیم سے منسلک ہونا چاہیے ، اگر کچھ مدارس کو وزارت صنعت سے منسلک ہوناہے تو ہوجائیں۔