چکن 22 ، پیاز 3 روپے کلو مہنگے: ٹماٹر 9، آلو 5 روپے سستے
لاہور(کامرس رپورٹر سے)چکن 22، پیاز 3 روپے کلو مہنگے جبکہ ٹماٹر 9 اور آلو 5 روپے سستے ہوگئے۔ شہر میں پرچون سطح پر فی کلو برائلر گوشت کی قیمت 22 روپے اضافے سے 461 روپے، زندہ برائلر مرغی کی قیمت 15 روپے اضافے سے 318 روپے کلو جبکہ فارمی انڈوں کی قیمت 350 روپے درجن پر مستحکم رہی۔
اسی طرح پیاز کا سرکاری نرخ 3 روپے اضافہ سے 138 روپے کلو مقرر ہوا جبکہ مارکیٹ میں پیاز کم از کم 160 روپے کلو فروخت ہو ا۔ٹماٹر کا سرکاری نرخ 9 روپے کمی سے 96 روپے کلو مقرر کیا گیا لیکن مارکیٹ میں 120 روپے کلو فروخت کئے گئے ۔آلو کی قیمت 5روپے کمی سے 90 روپے کلو مقرر کی گئی تاہم مارکیٹ میں 110 روپے کلو فروخت کئے گئے ۔لہسن کاسرکاری نرخ 630 روپے کلو مقرر کیا گیا ،مارکیٹ میں 800 روپے کلو تک رہا۔ادرک چائنہ اور ادرک تھائی لینڈ کے نرخ 390 روپے کلو تھے جبکہ مارکیٹ میں ادرک 500 روپے کلو تک بیچی گئی۔ بند گوبھی 60 اور پھول گوبھی 80 روپے کلو تک فروخت ہو ئی،پالک اور ساگ 50 روپے کلو رہے ۔موسمی سبزیوں میں شلجم 50،مولی40 ،گاجر 80 روپے کلو رہی ۔ شہریوں کا کہنا تھا سبزیوں اور گوشت کے نرخ تو عام آدمی کی پہنچ میں ہونے چاہئیں،حکومت اسکے لئے کام کرے ۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق موسمی سبزیوں کے علاوہ سبزمصالحہ جات کے نرخ کم ہوتے نظر نہیں آ رہے جبکہ برائلر گوشت کی قیمت میں بھی اضافے کا خدشہ موجود ہے۔