ترقیاتی منصوبے ادھورے، 13 میں سے صرف 1 پر کام
لاہور(شیخ زین العابدین)رواں مالی سال ایل ڈی اے کے ذاتی وسائل سے فلیٹ اور بلڈنگز کی 13 سکیمیں منظور ہوئیں لیکن صرف ایک سکیم پر کام ہوا، باقی ادھوری ہیں۔
فنانس اینڈ ٹریڈ سنٹر میں اپارٹمنٹس کی تعمیر کے 35 کروڑ روپے خرچ نہیں کئے گئے۔ ذرائع کے مطابق ایل ڈی اے کے بجٹ میں منظور ہونے والے ترقیاتی کاموں کو مکمل کرنے میں ایل ڈی اے کی غیر سنجیدگی جبکہ حکام سے آنے والی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے بجٹ کے متضاد بھی منصوبے شروع اور مکمل کئے گئے ،بیشتر ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز مکمل خرچ نہ ہوئے ،ایل ڈی اے حکام نے ذاتی وسائل کے بھی فنڈز مکمل خرچ نہیں کئے ،اس لئے رواں مالی سال بیشتر ترقیاتی منصوبے مکمل نہیں ہوسکے ۔ایل ڈی اے کے ذاتی وسائل سے ایل ڈی اے آفس جوہر ٹاؤن کی توسیع کا کام کیا گیا۔ ایل ڈی اے ایونیو ون کی نئی آفس بلڈنگ کے 5 کروڑ بھی استعمال نہیں کئے گئے ۔ ایل ڈی اے ملازمین کیلئے نئی رہائش گاہوں کی تعمیر کے لئے مختص20 کروڑ صرف خزانے میں ہیں،ایل او ایس ملتان روڈ کی ری سٹرکچرنگ کے ساڑھے8کروڑ بھی استعمال نہ ہوئے ۔ایل ڈی اے بلڈنگ کی تزئین و آرائش، مرمت اور بحالی کی 3 سکیموں کیلئے فنڈز ہی نہیں رکھے گئے۔