الخدمت ویمن ونگ:30 دلہنوں میں شادی گفٹس تقسیم

الخدمت ویمن ونگ:30 دلہنوں میں شادی گفٹس تقسیم

لاہور(سٹاف رپورٹر)الخدمت ویمن ونگ ٹرسٹ لاہور کے تحت 30 دلہنوں میں شادی گفٹس تقسیم کر دیئے گئے۔ اس حوالے سے تقریب کا انعقاد پنجاب سوسائٹی کمیونٹی سنٹر میں ہوا۔

تقریب میں مستحق خاندانوں سے دلہنوں اور ان کی مائوں کے علاوہ انچارج شادی پروگرام طعلت خان ،انچارج کمیونٹی سروسز عظمٰی محمد علی نے بھی شرکت کی جبکہ اس موقع پر فیملی کونسلر فلاح خاندان سینٹرعاصمہ غنی نے خصوصی خطاب کیا۔شادی گفٹ میں دلہن کے عروسی جوڑے و دیگر کپڑوں کے علاوہ دولہا کے کپڑے ،ڈنر سیٹ،کچن کا سامان،ٹرنک،جیولری،واٹر کولر،سٹیل کے برتن،واٹرسیٹ،کوکر،بیگ اور دیگر ضرورت کی اشیا شامل ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عاصمہ غنی نے کہا کہ ہر والدین کی اولین خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنی بیٹیوں کے ہاتھ پیلے کریں لیکن موجودہ مہنگائی کے دور اور سماج کے رسم و رواج اور نمائش نے اس فریضہ کی ادائیگی کو انتہائی مشکل بنا دیا ہے ، بہت سی بیٹیوں کے بالوں میں گھر بیٹھے چاندنی اتر آتی ہے جو والدین کے لئے مزید اداسی اور فکر کا باعث بنتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ لوگوں میں شعور بیدار کیا جائے اور اسلامی تعلیمات کے مطابق سادگی کو اپنایا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں