جوہر ٹائون سیوریج لائن کی تبدیلی کیلئے 1ارب 90کروڑروپے منظور
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )پنجاب حکومت نے پندرہ مرتبہ شگاف زدہ ہونے والی جوہر ٹاؤن مین بلیوارڈ سیوریج لائن تبدیل کرنے کی منظوری دے دی۔ پنجاب حکومت نے واسا کی سیوریج لائن کی تبدیلی سے متعلق تجاویز مانتے ہوئے ایڈمنسٹریٹو اپروول جاری کر دی۔ایک ارب 90 کروڑ روپے لاگت کی منظوری دی گئی۔
سیوریج لائن ڈالنے کے لئے شوکت خانم سے اللہ ہو چوک جانے والی سڑک کو استعمال کیا جائے گا۔ تفصیل کے مطابق مین بلیوارڈ جوہر ٹاؤن کی40سال پرانی و بوسیدہ سیوریج لائن تبدیل کرنے پر بڑی پیشرفت سامنے آگئی۔ پنجاب حکومت نے واسا کی سیوریج لائن کی تبدیلی سے متعلق تجاویز مانتے ہوئے ایڈمنسٹریٹو اپروول دیدی ۔واسا نے خیابان فردوسی سیوریج لائن تبدیل کرنے کا پی سی ون تیار کر لیا۔ خیابان فردوسی شوق چوک سے شوکت خانم چوک تک سیوریج لائن کا ایک ارب 90 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا۔ سیوریج لائن کی تبدیلی کا کام رواں مالی سال شروع کیا جائے گا ۔مستقبل کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے 72 انچ کا نیا سیوریج سسٹم بچھایا جائے گا۔ مین بلیوارڈ جوہر ٹاؤن سے گزرنے والی ملحقہ لائنوں کو بھی نئے سرے سے منسلک کیا جائے گا۔مرکزی شاہراہ کی سروس روڈ پر نئی سیوریج لائن بچھائی جائے گی۔مستقبل میں شگاف پڑنے کے واقعات کو روکنے کیلئے موجودہ بوسیدہ سیوریج لائن کو بند کر دیا جائے گا۔بڑھتی ہوئی آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے سیوریج لائن کا سائز بڑھایا گیا۔